تدفین کے وقت صرف ایک قبر پر بارش برسنے کا راز کھل گیا

image

راولپنڈی کے قبرستان میں تدفین کے وقت صرف ایک قبر پر باران رحمت کے راز سے پردہ اٹھ گیا۔

ڈھوک گجراں کے رہائشی مرحوم محمد یاسین کے بیٹے عرفان اور داماد نعیم کا کہنا ہے کہ ان کے والد محکمہ واپڈا سے ایس ڈی او کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور 87 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

انھوں نے بتایا کہ مرحوم اپنی سادگی، دیانتداری اور نیک سیرت کے باعث اہلِ علاقہ اور عزیز و اقارب میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

مرحوم نے پوری زندگی محنت کرکے حلال روزی کمائی۔ انہوں نے واپڈا میں ملازمت کے دوران نہایت ایمانداری سے فرائض سرانجام دیے اور کبھی بھی دنیاوی لالچ یا غیر قانونی ذرائع کو اختیار نہیں کیا۔ ان کی زندگی کا بنیادی اصول حلال کمائی اور سادگی تھا، جس پر وہ خود بھی قائم رہے اور اپنی اولاد کو بھی اسی کی تلقین کرتے رہے۔

محمد یاسین نہ صرف ذمہ دار سرکاری ملازم تھے بلکہ ایک مثالی باپ بھی تھے۔ انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں محمد عرفان اور حامد یاسین کی تربیت اسلامی اقدار کے مطابق کی اور ہمیشہ انہیں حلال رزق کمانے اور سادہ زندگی گزارنے کی نصیحت کی۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ آخری ایام میں بھی نماز کی پابندی کی تلقین کرتے رہے اور بیماری کے باوجود دین سے وابستگی میں کوئی کمی نہ آنے دی۔

مرحوم پانچ وقت کے نمازی تھے۔ ان کی گفتگو میں نرمی، اخلاق میں عاجزی اور رویے میں شفقت نمایاں تھی۔ وہ بڑے اور چھوٹے سب سے یکساں محبت اور احترام سے پیش آتے تھے، جس کی وجہ سے ہر ملنے والا ان کا گرویدہ ہوجاتا تھا۔

بیٹوں نے بتایا کہ جب وہ لوگ اپنے والد کی تدفین میں مصروف تھے کہ اچانک قبر پر باران رحمت برس پڑی جبکہ ارد گرد کی قبروں پر بارش نہیں ہورہی تھی، انھوں نے کہا کہ وہ سب حیران تھے، پھر سمجھ آیا کہ یہ سب انعام ان کے والد کی ایمانداری سے گزاری گئی زندگی کا اللہ تعالیٰ کی طرف سے صلہ تھا۔

اہلِ محلہ اور جاننے والوں کے مطابق محمد یاسین نہایت شریف، بردبار اور ملنسار شخص تھے۔ انہوں نے ہمیشہ سادگی کو اپنایا اور اپنی زندگی کو دین اور اصولوں کے مطابق گزارا۔

مرحوم کی وفات پر اہل خانہ، دوست احباب اور علاقہ مکینوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US