اسلام آباد میں ڈیلٹا فورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب، 100 اہلکار فارغ التحصیل

image

اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں خصوصی ڈیلٹا فورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، پولیس سروسز آف پاکستان کے سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف کمشنر سہیل اشرف نے ڈیلٹا فورس کے قیام کو اسلام آباد پولیس کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی فورس دہشت گرد عناصر کے خلاف مضبوط دفاع ثابت ہوگی اور اس کے جوان جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس نے مشکل حالات میں جس بہادری اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 69 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیلٹا فورس کا قیام وفاقی حکومت کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد دارالحکومت کو مزید محفوظ بنانا اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 100 جوانوں پر مشتمل اس فورس میں اسپیشل سروسز ونگ اور انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے تربیت یافتہ اہلکار شامل ہیں، جن میں مرد و خواتین دونوں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فورس نہ صرف اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی بلکہ ہر قسم کے چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کرے گی۔

تقریب کے اختتام پر ڈیلٹا فورس کے جوانوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک و قوم کے دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US