راولپنڈی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت چھ جوڑوں کی اجتماعی شادی

image

راولپنڈی میں خوشیوں، دعاؤں اور محبت بھرے جذبات سے سجی ایک خوبصورت اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چھ جوڑے ہمیشہ کے لیے شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔ تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ ان میں پانچ مسلم جبکہ ایک مسیحی جوڑا بھی شامل تھا، جس نے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسان دوستی کی روشن مثال قائم کی۔

تقریب کے دوران دلہے اور دلہنیں اپنی زندگی کے یادگار لمحات پر خوشی سے نہال دکھائی دیے جبکہ مہمانوں کے چہروں پر بھی خوشی دیدنی تھی۔ اینکر پرسن کے دلچسپ اور مزاحیہ انداز نے محفل کو مزید رنگین بنا دیا اور شرکاء بے اختیار قہقہے لگاتے رہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر جوڑے کو تقریباً چار لاکھ روپے مالیت کا جہیز فراہم کیا گیا جس میں روزمرہ استعمال کی اہم گھریلو اشیاء شامل تھیں۔ انتظامیہ نے دونوں خاندانوں کے پندرہ پندرہ مہمانوں کو خصوصی دعوت دے کر تقریب کو خاندانی محبت اور اپنائیت کا حسین رنگ بھی دیا۔

اس موقع پر چیف کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے بتایا کہ یہ مقدس خدمت ایٹیز کی دہائی سے جاری ہے اور تمام درخواستوں کی باقاعدہ اسکروٹنی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق مستحق خاندان اپنی درخواستیں جمع کرواتے ہیں جن کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اہل افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر یہ جوڑے اپنے طور پر رشتے تلاش کر لیتے ہیں مگر مالی مشکلات کے باعث شادی کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے، ایسے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نہ صرف شادی بلکہ جہیز، کھانے اور دیگر تمام انتظامات کے اخراجات بھی خود اٹھاتی ہے تاکہ مستحق خاندان عزت و وقار کے ساتھ اپنی بیٹیوں کو رخصت کر سکیں۔

یہ اجتماعی شادی کئی خاندانوں کے لیے خوشیوں کا پیغام ثابت ہوئی جبکہ تقریب نے معاشرے میں مساوات، خدمتِ انسانیت اور بین المذاہب رواداری کا خوبصورت پیغام بھی اجاگر کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US