ریسکیو 1122 کو ایندھن بحران کا سامنا، پنجاب میں PSO فیول کارڈز بلاک ہونے کی اطلاعات

image

ریسکیو 1122 کو ایندھن فراہمی کے بحران کا سامنا ہے، جبکہ پنجاب بھر سمیت راولپنڈی میں ریسکیو گاڑیوں کے پی ایس او فیول کارڈز بلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آ گئی ہیں، جس کے باعث ایمرجنسی سروسز متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور دیگر ایمرجنسی ریسپانس گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، جس سے حادثات، آگ لگنے اور طبی ہنگامی صورتحال میں ریسپانس ٹائم بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

شہری اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ Rescue 1122 جیسے حساس اور عوامی جانوں کے تحفظ سے جڑے ادارے کی سروسز کسی بھی صورت متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔

دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ادائیگیوں کے مسائل کے باعث حکومتی اداروں پر مالی دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے، جس کے اثرات اب براہِ راست ایمرجنسی سروسز تک پہنچنے لگے ہیں۔

عوامی حلقوں نے حکومتِ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور مسئلے کا حل نکالا جائے اور ریسکیو سروسز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔

ریسکیو 1122کے میڈیا کوآرڈینیٹر یا افسران اس حوالے سے اپنا موقف دینا چاہیں تو ہماری ویب کا پلیٹ ان کے لیے بھی دستیاب ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US