جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، دفتر خارجہ

image

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے الظفرہ ریجن میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر مبینہ ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔

دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں خطے کے امن، عالمی ماحول اور سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔ پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب اماراتی حکام کے مطابق براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے بیرونی حصے میں ایک برقی جنریٹر پر ڈرون گرنے سے آگ بھڑک اٹھی تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی تابکاری کی سطح میں کوئی تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے پلانٹ کے بنیادی نظام یا حفاظتی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام یونٹس معمول کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US