پاکستان کو مٹانے کی باتیں خام خیالی ہے، چیف کوآرڈینیٹر ایکس سروس مین سوسائٹی

image

بھارت کے آرمی چیف کے حالیہ بیان پر پاکستان میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک عزیز احمد خان نے بھارتی بیان کو دیوانے کا خواب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی باتیں محض خام خیالی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک مضبوط اور ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے جو قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ملک عزیز احمد خان نے کہا کہ پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان اور سول و عسکری قیادت آج ایک پیج پر کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلوں اور جذبے سے جیتی جاتی ہیں، جبکہ پاکستانی قوم اپنے ایمان، اتحاد اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ملک دشمن عناصر یا دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی قسم کی دراندازی یا دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آخر میں انہوں نے معرکۂ حق، بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ پاکستان زندہ باد۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US