سمبڑیال میں ٹک ٹاکر حکیم بابر نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں کوٹلی کھوکھراں میں ایک دعوت کے دوران جوس میں مبینہ طور پر زہر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد حکیم بابر کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی معائنے میں زہر دیے جانے کے واضح شواہد سامنے نہیں آئے۔ بعد ازاں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
دوسری جانب بیگووالا پولیس نے حکیم بابر کی درخواست پر صفدر اور علی نامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل حقیقت فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی، جبکہ تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔