شہنشاہِ غزل استاد مہدی حسن کے نامور شاگرد عاشق مہدی نے خصوصی انٹرویو میں اپنے استاد کے ساتھ گزارے یادگار لمحات اور فنی سفر کے تجربات پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
راولپنڈی میں ”ہماری ویب“ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عاشق مہدی نے کہا کہ انہوں نے تقریباً 45 برس تک استاد مہدی حسن کی شاگردی اختیار کی اور اس دوران موسیقی کی باریکیوں اور فنِ غزل کے اسرار سیکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ استاد مہدی حسن صرف ایک عظیم گلوکار ہی نہیں بلکہ ایک مکمل درسگاہ تھے جن کی آواز آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد نے غزل گائیکی کو نئی پہچان دی اور اپنی سحر انگیز آواز کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
عاشق مہدی نے گفتگو کے دوران استاد مہدی حسن کے اندازِ تربیت، ریاض اور فنی اصولوں سے متعلق کئی نایاب یادیں بھی شیئر کیں۔ ان کے مطابق استاد کی محنت، عاجزی اور فن سے محبت ہر شاگرد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ استاد مہدی حسن کا فن اور شخصیت آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی سرمایہ ہے جس سے سیکھنے کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔