راولپنڈی میٹرو بس سروس سے 70 سیکیورٹی ملازمین برطرف

image

راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کی سیکیورٹی پر تعینات 70 مرد و خواتین ملازمین کو اچانک ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے، جس کے بعد متاثرہ ملازمین میں شدید بے چینی اور احتجاج کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں کسی پیشگی اطلاع کے بغیر نوکری سے برطرف کیا گیا، جبکہ گزشتہ تین ماہ (مارچ، اپریل اور مئی) کی تنخواہیں بھی تاحال ادا نہیں کی گئیں۔ متاثرہ افراد کے مطابق اس صورتحال کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اور گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

برطرف کیے گئے ملازمین، جن میں خواتین کی قابل ذکر تعداد بھی شامل ہے، کا مؤقف ہے کہ انہیں ایڈمنسٹریشن کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ ”اوور ایج“ ہوچکے ہیں، اس لیے ان کی ملازمت ختم کی جا رہی ہے۔ تاہم ملازمین اس فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اسے اپنے ساتھ زیادتی قرار دے رہے ہیں۔

مزید یہ کہ متاثرہ ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں سے ماہانہ پانچ ہزار روپے کی کٹوتی بھی کی جاتی رہی، جو ان کے مطابق سراسر ناانصافی ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شکایات کے ازالے کے لیے روزانہ مختلف دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، تاہم تاحال کسی متعلقہ ادارے یا حکام کی جانب سے کوئی واضح جواب یا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

برطرف خواتین ملازمین نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر بقایا تنخواہیں ادا کی جائیں اور روزگار کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب میٹرو انتظامیہ کا مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم تاحال ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہو سکا۔ اگر انتظامیہ اپنا مؤقف دینا چاہے تو پلیٹ فارم حاضر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US