وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو منانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد وہ بلاول بھٹو کو ہمراہ لے کر ایوان میں پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کے اجلاس کا مکمل بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، تاہم پارٹی کی نمائندگی کے لیے کچھ منتخب اراکینِ اسمبلی ایوان میں موجود رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کا مؤقف ہے کہ ملکی مفاد اور قومی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی بجٹ کے مجموعی عمل کا حصہ بنے گی تاکہ پارلیمانی عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہ سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے واضح کیا تھا کہ پارٹی چیئرمین نے پارلیمانی پارٹی کو بجٹ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے اور پی پی پی بجٹ کے عمل کو بالکل متاثر نہیں کرے گی۔ انہوں نے بائیکاٹ کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کہ ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، بلکہ پیپلز پارٹی بجٹ پاس کرانے کے عمل میں پوری طرح حصہ لے گی۔ شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی کا ہمیشہ سے نچلے اور متاثرہ طبقات سے گہرا تعلق رہا ہے، اس لیے وہ ایک عوام دوست بجٹ کی خواہاں ہے۔