بنا کسی تنخواہ اور معاوضے کے قومی خدمت: شاہین پیس فورس کا بڑا اعزاز

image

شاہین پیس فورس گزشتہ بیس سال سے ملک کی سلامتی، امن و امان کے قیام اور عوامی خدمت کے میدان میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس فورس میں ریٹائرڈ پولیس افسران، ایس پی، ڈی ایس پی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ تجربہ کار افراد شامل ہیں جو سیکیورٹی امور پر مکمل مہارت اور دسترس رکھتے ہیں۔

شاہین پیس فورس کے روحِ رواں ملک اصغر خان بابر نے ہماری ویب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم کا قیام 2006ء میں عمل میں آیا اور اس وقت سے لے کر آج تک فورس نے ملک کی تعمیر و ترقی، امن کے فروغ اور عوامی خدمت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات میں شاہین پیس فورس ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ جب بھی ضلعی انتظامیہ یا ڈی سی آفس کی جانب سے ضرورت محسوس کی جاتی ہے تو نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے، جس کے بعد فورس کے رضاکار مختلف جلوسوں، مجالس اور دیگر اہم تقریبات میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

ملک اصغر بابر کے مطابق شاہین پیس فورس نہ صرف محرم الحرام بلکہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں، قدرتی آفات، زلزلوں، سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں بھی متاثرہ افراد کی امداد اور سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتی رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فورس کے تمام اراکین رضاکارانہ بنیادوں پر خدمات انجام دیتے ہیں اور کسی قسم کی تنخواہ یا مالی معاوضہ وصول نہیں کرتے۔

اس موقع پر سابق ڈسڑکٹ خطیب و چیئر مین پیس فورس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین پیس فورس کا کردار قابل تحسین ہے اور وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور بقا کے لیے ہر شہری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

تقریب میں موجود شرکاء اور منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جہاں کہیں بھی امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے ضرورت پیش آئے گی، شاہین پیس فورس ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ فورس ماضی میں بھی قومی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار رہے گی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں سے اپنی حب الوطنی کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US