راولپنڈی میں منعقدہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے تین سالہ انتخابات میں جنرل عبدالقیوم دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
نو منتخب صدر کے انتخاب کے بعد پاکستان بھر کے 40 لاکھ سے زائد سابق فوجی اراکین نے فیلڈ مارشل کو تنظیم کا اعزازی پیٹرن چیف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
صدر منتخب ہونے کے فوراً بعد جنرل عبدالقیوم نے عزیز اعوان کو آئندہ تین سال کے لیے دوبارہ چیف آرگنائزر اور میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں رابطہ سیکریٹری کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔
نو منتخب قیادت نے سوشل میڈیا پر افواج پاکستان پر تنقید کرنے والوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پوری دنیا میں امن قائم کرنے پر جنرل سید عاصم منیر کو نوبل ایوارڈ سے نوازا جائے۔
نو منتخب قیادت نے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور تنظیمی امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔