ڈیڑھ سالہ مشکلات کے بعد راجہ بازار کا نیا رخ، تاجروں نے پارکنگ پلازوں کا مطالبہ کردیا

image

جی ہاں! یہ نہ یورپ ہے، نہ برطانیہ، نہ آسٹریلیا، نہ امریکہ اور نہ ہی نیوزی لینڈ۔ یہ ہے راولپنڈی کا تاریخی راجہ بازار، جسے حالیہ تزئین و آرائش کے بعد ایک جدید اور دلکش شاپنگ سنٹر کی شکل دے دی گئی ہے۔

تقریباً ڈیڑھ سال قبل شروع ہونے والے اس منصوبے کو اگرچہ مقررہ وقت سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب اس کی تکمیل کے بعد راجہ بازار کی رونقیں دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ خوبصورت پتھروں سے آراستہ راستے، جدید طرز کی تعمیر اور صاف ستھرا ماحول شہریوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔ بڑی تعداد میں خاندان یہاں کا رخ کر رہے ہیں اور اس نئے روپ کو سراہ رہے ہیں۔

دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تعمیر کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیڑھ سال تک جاری کھدائی، گردوغبار اور راستوں کی بندش کے باعث کاروبار تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گیا، جبکہ گرد آلود ماحول کی وجہ سے کئی دکاندار اور ملازمین مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہوئے۔

تاجروں کے مطابق انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام سے اپنے مسائل کے حل کی درخواست کی، تاہم خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ بالآخر راولپنڈی کے کمشنر عامر خٹک نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

اگرچہ تاجر اور شہری راجہ بازار کی نئی خوبصورتی سے خوش ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ کاروبار کی مکمل بحالی کے لیے پارکنگ کا مسئلہ فوری حل کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق بازار کے اطراف کم از کم تین سے چار جدید پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں تاکہ خریدار آسانی سے اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں اور بغیر کسی پریشانی کے خریداری کرسکیں۔

تاجروں نے وفاقی اور پنجاب حکومت کا منصوبہ مکمل کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ کی سہولت جلد از جلد فراہم کی جائے، تاکہ راجہ بازار کی خوبصورتی کے ساتھ یہاں کی تجارتی سرگرمیاں بھی مکمل طور پر بحال ہوسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US