اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کے زیرِ اہتمام اٹلس ہونڈا کے تعاون سے بلیو ایریا میں ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی آگاہی اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے خصوصی سیفٹی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ کے شعور کو اجاگر کرنا اور موٹر سائیکل سواروں کو اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر موٹر سائیکلوں کی لائٹس اور بریکس کا مفت معائنہ بھی کیا گیا جبکہ شہریوں کو روڈ سیفٹی سے متعلق معلوماتی مواد اور ضروری ہدایات فراہم کی گئیں شہریوں میں مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے، موٹر سائیکلز کو شیشے، بلب اور دیگر آلات مفت لگائے گئے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کے انچارج انسپکٹر رانا اشتیاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیمپ میں شرکت کی اور شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، ہیلمٹ کے استعمال، اوور اسپیڈنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور لین ڈسپلن کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی ہدایات پر منعقدہ اس کیمپ کا مقصد شہریوں کو جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفری ماحول کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں اٹلس ہونڈا کی جانب سے حسن مشتاق چیمہ (جنرل منیجر، اٹلس ہونڈا لمیٹڈ)، نثار زمان (سی او او)، معظم علی گوندل (کنٹری منیجر)، مبین انور (سینئر منیجر)، حمزہ رزاق (ریجنل منیجر) جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے کائنات اظہر خان (چیف ٹریفک آفیسر)، عائشہ جمیل (اسٹیشن ڈائریکٹر) اور دیگر افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، روڈ سیفٹی کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ایسے مشترکہ آگاہی پروگرام مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے رہیں گے۔