لاہور کی دو باصلاحیت بہنوں طیبہ اشرف اور سنبل نے 35 ممالک کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر تائیکوانڈو میں ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں بہنوں نے بغیر کسی اسپانسر اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی سرکاری معاونت کے یہ اہم کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔
طیبہ اشرف اور سنبل کا کہنا ہے کہ 35 ممالک کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر ایشین چیمپئن بننا آسان نہیں، اس کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت، لگن اور جذبہ شامل ہے۔ محدود وسائل کے باوجود دونوں بہنوں نے ہمت نہیں ہاری اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
ایشین چیمپئن بننے والی دونوں بہنوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے دست بستہ اپیل کی ہے کہ وہ قوم کی بیٹیوں پر شفقت کا ہاتھ رکھیں اور انہیں سہولیات اور سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں تائیکوانڈو کے میدان میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرسکیں۔
دونوں بہنوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے سرپرستی کریں، تربیت اور سفری اخراجات سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید میڈلز جیت سکتی ہیں۔
طیبہ اشرف اور سنبل نے اس مشکل سفر میں تعاون کرنے پر اداکار فہد مصطفیٰ اور قومی کرکٹر محمد عامر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں تعاون کرنے والے افراد کھلاڑیوں کے لیے کسی مسیحا سے کم نہیں۔
دونوں بہنوں نے ڈائمنڈ سپریم فوم کے ذمہ داران کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی مدد اور حوصلہ افزائی نے انہیں اپنے کھیل کو جاری رکھنے اور پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایشین چیمپئن طیبہ اشرف اور سنبل کا کہنا ہے کہ وہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی کروڑوں بیٹیوں کے لیے کھیل رہی ہیں، انہیں یقین ہے کہ حکومتی سرپرستی ملنے پر وہ پاکستان کے لیے مزید عالمی اعزازات حاصل کرسکتی ہیں۔