عمران خان کا کبھی توجہ کا مرکز رہنے والا کنٹینر زبوں حالی کا شکار

image

عمران خان کا وہ کنٹینر جو ماضی میں سیاسی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کے دوران عوامی توجہ کا مرکز بنا رہا، آج زبوں حالی کا شکار نظر آتا ہے، جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے ایک بار پھر خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ روز لکی مروت سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کیا، جس میں مختلف اضلاع سے کارکنان اور حامی شریک ہیں۔

لانگ مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا حل سیاسی احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ میں ہے یا صوبے کے اندر صحت، تعلیم، روزگار، سڑکوں اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری میں؟ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ اس نے صحت کے شعبے میں بجٹ اور افرادی قوت میں نمایاں اضافہ کیا ہے، تاہم صوبے کے مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات اور مسائل بدستور عوامی بحث کا حصہ ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ایک طرف خیبرپختونخوا حکومت اسلام آباد کی جانب سیاسی مارچ کی قیادت کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب صوبے کے عوام کی توقعات اپنے علاقے میں روزگار، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، بہتر سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے وابستہ ہیں۔ لانگ مارچ کے شرکاء اب مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US