عمران عباس نے اداکاری چھوڑ کر نیا راستہ چن لیا

image

میں نے دو تین سال پہلے ہی ٹی وی ڈراموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اب میری توجہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی منصوبوں پر ہے۔ میرے والدین دنیا میں نہیں رہے اور میری کوئی اولاد بھی نہیں، اس لیے چاہتا ہوں کہ زندگی میں کچھ ایسا کرجاؤں جو آخرت میں میرے کام آئے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار اور ماڈل عمران عباس نے اپنے کیریئر سے متعلق اہم انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ برسوں تک ٹی وی اسکرین پر اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل جیتنے والے فنکار نے اب زندگی کی نئی سمت اختیار کرلی ہے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اداکارہ اور میزبان مشی خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے عمران عباس نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے ٹیلی ویژن ڈراموں سے دور ہیں اور فی الحال اس شعبے میں مزید کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

ان کے مطابق گزشتہ دو سے تین برسوں کے دوران انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ترجیحات مکمل طور پر تبدیل کرلی ہیں اور اب ان کی زیادہ تر مصروفیات کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ باقاعدہ آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور تعمیرات کے شعبے سے ان کا پرانا تعلق ہے۔ اسی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں پراپرٹی اور کنسٹرکشن کے کاروبار کا آغاز کیا ہے۔

عمران عباس نے اپنے نئے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ایک بلند عمارت تعمیر کروا رہے ہیں، جس کی تکمیل میں اندازاً ڈھائی سال لگ سکتے ہیں۔

تاہم گفتگو کا سب سے جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور مستقبل کے مقاصد کے بارے میں بات کی۔

اداکار نے بتایا کہ والدین کے انتقال کے بعد ان کی زندگی میں بہت کچھ بدل گیا ہے۔ ان کی اپنی کوئی اولاد بھی نہیں، یہی وجہ ہے کہ اب وہ اپنی توانائیاں ایسے کاموں میں صرف کرنا چاہتے ہیں جن سے دوسرے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔

عمران عباس کے مطابق وہ سماجی بہبود اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے بھی وقت نکال رہے ہیں کیونکہ ان کی خواہش صرف دنیاوی کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ ایسے نیک اعمال کرنا ہے جن کا اجر انہیں دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی ملتا رہے۔

شوبز سے فاصلے اور کاروباری دنیا میں بڑھتی ہوئی مصروفیات کے حوالے سے عمران عباس کی یہ گفتگو ان کے کیریئر میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے خاص طور پر ٹی وی ڈراموں میں کام نہ کرنے کا ذکر کیا، فلموں سمیت اداکاری کے تمام شعبوں سے مستقل ریٹائرمنٹ کی واضح تصدیق نہیں کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US