اسلام آباد پولیس نے کینسر میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کرکے انسان دوستی کی مثال قائم کردی

image

اسلام آباد پولیس کی خصوصی دلچسپی، معصوم بچے کو پولیس یونیفارم پہنا کر اعزازی مہمان کا اعزاز دیا گیا، خوشی سے کھل اٹھنے والا چہرہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

اسلام آباد پولیس نے کینسر کے مرض میں مبتلا ایک معصوم بچے کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری کرکے ہمدردی، محبت اور انسانیت نوازی کی قابلِ تحسین مثال قائم کردی۔

تھانہ بہارہ کہو کے انسپکٹر میاں عمران نے بچے کی خواہش کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے خصوصی دلچسپی لی، جس پر اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کی ہدایات کے تحت بچے کو اعزازی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا اور اسے پولیس کی باقاعدہ یونیفارم پہنائی گئی۔

پولیس کی وردی زیب تن کرنے کے بعد بچے کے چہرے پر نمایاں خوشی اور مسکراہٹ نے وہاں موجود افسران اور اہلکاروں کے دل جیت لیے۔ اس موقع پر پولیس حکام نے بچے کی حوصلہ افزائی کی اور اس کے ساتھ شفقت و محبت کا اظہار کیا۔

اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بالخصوص انسپکٹر میاں عمران کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مثبت اقدامات نہ صرف بیمار بچوں کے حوصلے بلند کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں انسانیت، ہمدردی اور امید کے جذبات کو بھی تقویت دیتے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کا یہ اقدام اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پولیس کا کردار صرف امن و امان کے قیام تک محدود نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا بھی خدمتِ خلق کا اہم حصہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US