سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہوائی جہاز کا پائلٹ بڑی مہارت کے ساتھ دو سرنگوں کے درمیان ہوائی جہاز کو اُڑا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک مشہور ترین انرجی ڈرنک بنانے والی کمپنی کی جانب سے اپنے آفیشل ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شئیر کی گئی ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ "ڈاریو کوسٹا ہوائی جہاز کو دو سرنگوں کے درمیان اُڑانے والے دنیا کے پہلے پائلٹ بن گئے ہیں۔ جبکہ ہمارے پاس کہنے کو کوئی الفاظ نہیں ہیں"۔
تاہم ریکارڈ قائم کرنے والے پائلٹ کا تعلق اٹلی سے ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 4 ستمبر کی صبح ہوائی جہاز کو ترکی کے شہر کاتالکا(Catalca) میں موجود دو سرنگوں کے ذریعے، 250 کلومیٹر فی گھنٹہ اوسط کی رفتار سے اُڑا کر قائم کیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈاریو کوسٹا کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا تھا کہ سب کچھ بہت تیزی سے ہو رہا ہے ، لیکن جب میں پہلی سرنگ سے باہر نکلا تو ہوا کی وجہ سے طیارے نے دائیں طرف جانا شروع کردیا اور میرے سر میں چکر محسوس ہونے لگے تھے۔ میں نے دوسری سرنگ میں داخل ہونے کیلئے ہوائی جہاز کو صحیح راستے پر واپس لانے پر توجہ دی۔
واضح رہے ڈاریو کوسٹا ہوائی جہاز کو دو سرنگوں کے درمیان گزرنے والے پہلے شخص بن گئے ، جبکہ انہوں نے ہوائی جہاز کے ذریعے سب سے لمبی سرنگ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔