نماز ایمان کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے، قرآنِ کریم اور احادیثِ شریفہ میں نماز کی اہمیت وفضیلت کو کثرت سے ذکر کیا گیا ہےجبکہ قرآن پاک کی تلاوت قرب خداوندی اور تعلق مع اللہ کے مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔
نبی اکرم ﷺ پانچ فرض نمازوں کے علاوہ نمازِ تہجد، نمازِ اشراق اور نمازِ چاشت کا بھی اہتمام فرماتے اور پھر خاص خاص مواقع پر اپنے رب کے حضور توبہ واستغفار کے لئے نماز ہی کو ذریعہ بناتے۔ سورج گرہن یا چاند گرہن ہوتا تو مسجد تشریف لے جاتے۔
زلزلہ، آندھی یا طوفان حتیٰ کہ تیز ہوا بھی چلتی تو مسجد تشریف لے جاکر نماز میں مشغول ہوجاتے۔ فاقے کی نوبت آتی یا کوئی دوسری پریشانی یا تکلیف پہنچتی تو حضور ﷺ مسجد تشریف لے جاتے۔ سفر سے واپسی ہوتی تو پہلے مسجد تشریف لے جاکر نماز ادا کرتے۔
دوسری جانب اگر قرآن کی تلاوت کو دیکھا جائے تو فضائل اور ثواب حاصل کرنے کے لئے تلاوت قرآن ہی سب سے مضبوط ذریعہ ہے لہٰذا ہر مسلمان کے لئے قرآن کریم کے کچھ حصے کی تلاوت کرنا فرض واجب نہ سہی کلام و متکلم کی عظمت کے تقاضہ سے ضروری ہوا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں جہاز میں سفر کرتی خاتون نماز کا وقت ہوتے ہی جہاز میں نماز پڑھ رہی ہیں جبکہ ایک اور جگہ ایک ایئر ہوسٹس دوران سفر فرصت ملنے پر قرآن پاک کی تلاوت کررہی ہے۔