کرکٹ کھیل رہے ہیں، جنگ تھوڑی لگی ہوئی ہے؟ حارث رؤف

image
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ انڈیا کے خلاف میچ کوئی جنگ نہیں ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے انڈیا جانے سے قبل پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ’اپنے ملک کے لیے کسی بھی ایونٹ میں کھیلنا ایک فخر کی بات ہوتی ہے۔ ون ڈے کرکٹ ہم کافی وقت سے کھیلتے آئے ہیں خالی کنڈیشنز کا فرق ہو گا۔‘

نسیم شاہ کے ورلڈ کپ میں نہ ہونے پر حارث رؤف نے کہا کہ ’ہمارے پاس دوسرے ایسے بولر ہیں جنہیں ہم استعمال کر سکتے ہیں۔ اُن کے ساتھ کافی کھیلا ہوا ہے۔ حسن علی کا کم بیک ہے۔ اُس کے ساتھ کافی کرکٹ کھیل چکا ہوں۔‘

حارث رؤف سے جب اُن کی فٹنس کے بارے میں بات کی گئی تو انہوں نے دلچسپ انداز میں وہیں بیٹھے بیٹھے حرکت کرنا شروع کر دی اور بولے ’بالکل ٹھیک جی۔ الحمدللہ جی۔‘

انڈیا کے خلاف میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے فاسٹ بولر بولے کہ ’ہم لڑائی کرتے ہیں اُن کے ساتھ؟ کرکٹ کھیل رہے ہیں، جنگ تھوڑی لگی ہوئی ہے؟ جوش نظر آتا ہے بالکل، بطور ٹیم ہمیں اپنے آپ پر کافی یقین ہے ہم بہترین ہیں۔ ہم اپنا بہترین دیں گے۔‘

ورلڈ کپ میں بولنگ کرنے کے بارے میں فاسٹ بولر نے کہا کہ نیا گیند کروانا یا پرانا گیند کروانا، یہ اُن کے ہاتھ میں نہیں ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ کوشش کریں گے کہ وہ اپنا بہترین دیں۔

پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف کے بابر اعظم کے بارے میں بیان پر انہوں نے کہا ’میں ایسی کوئی بات نہیں سنی، اگر انہوں نے ایسا کہا ہے تو انہیں لگتا ہو گا۔‘

خیال رہے پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے بدھ کی صبح انڈیا جانا ہے جبکہ پاکستان ٹیم کا 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں وارم اپ میچ ہو گا۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.