قومی اسمبلی میں خواتین اور غیر مسلم نشستوں پر منتخب4 ارکان نے حلف اٹھا لیا

image

قومی اسمبلی میں خواتین اور غیر مسلم نشستوں پر منتخب4ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں غیر مسلموں کی مخصوص نشست پر منتخب جیمز اقبال اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ثمینہ خالد گھرکی،نتاشہ دولتانہ اور نیلم کماری نے حلف اٹھایا۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن اور پاکستانی خواتین بالخصوص شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے قرارداد کی مخالفت کی۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قرارداد رکن قومی اسمبلی سحر کامران کی طرف سے پیش کی گئی تھی جبکہ اسی طرح کی قراردادیں شرمیلا فاروقی ایم این اے اور شزہ فاطمہ خواجہ ایم این اے نے بھی جمع کروائی تھیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ایوان نے قرارداد سنی اتحاد کونسل کے اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باوجود کثرت رائے سے منظور کی۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کے مندرجات کو سنے بغیر اپوزیشن نے ایک انتہائی اہم قرارداد کی مخالفت کا فیصلہ کیا، انہیں اس موقع پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے اپنی قرارداد پیش نہیں کی بلکہ اس کے بجائے قوم کی عظیم بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کا بھی راستہ روکنے کی کوشش کی۔

انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ معاملے کی اہمیت کو سمجھیں اور مخالفت برائے مخالفت کی بجائے پاکستان کی خواتین کی ترقی، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی آواز بلند کرے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.