موسلادھار بارش کے بعد کلدام گول نالے میں سیلابی ریلہ، دروش تا چترال روڈ بند

image

لوئر چترال میں موسلادھار بارشوں کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی، کلدام گول میں شدید سیلابی ریلے کے باعث دروش تا چترال مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق شدید بارش کے بعد کلدام گول برساتی نالے میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں سڑک پر پانی اور ملبہ جمع ہو گیا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریفک کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور محکمہ مواصلات کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ یا سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow