لودھراں کے قریب عوام ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، ایک جاں بحق، 33 زخمی۔۔ وفاقی وزیر کا نوٹس

image

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ افسوسناک حادثہ لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں عوام ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ٹرین کی بریک لگنے سے پیش آیا، جس کے باعث ٹرین بے قابو ہو کر پٹری سے اتر گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

آپریشن ٹیموں نے 11 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ 22 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال لودھراں منتقل کیا گیا، جہاں ایک مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ باقی زخمیوں کو بہاولپور اسپتال اور لودھراں ڈی ایچ کیو میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جاں بحق مسافر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ امدادی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ڈاؤن ٹریک کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔

وزارت ریلوے کے مطابق حادثے کے بعد ڈی ایس ملتان اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ عوام ایکسپریس کے متاثرہ مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا جبکہ دیگر ٹرینوں کو اپ ٹریک سے گزارا جا رہا ہے تاکہ ریلوے شیڈول متاثر نہ ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US