کوہاٹ فائرنگ سانحہ ۔۔ 7 دوست قتل ! ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری

image

کوہاٹ کے علاقے ریگی شینو خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کوہاٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند دوست تانڈہ ڈیم پر پکنک منانے کے بعد واپس گاؤں محمد زئی جا رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے باعث 7 نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کرنے والے حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 31 سالہ عبدالصمد ولد نورالرحمن، 25 سالہ ساجد ولد عزیزالرحمن، 18 سالہ یوسف ولد محمد عاصم عمر، 18 سالہ اشفاق ولد سید عالم، 15 سالہ مصطفیٰ ولد محمد عالم، 16 سالہ حمزہ ولد ناصر اور 15 سالہ یاسر ولد صلاح الدین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ فائرنگ میں عبدالرزاق ولد نورالرحمن زخمی ہوئے ہیں۔

تمام متاثرہ افراد کا تعلق خڑہ گھڑی محمد زئی سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US