لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ذیلی شعبہ نیشنل کرائم کارپوریٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے کارروائی کرتے ہوئے مشہور یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سعد الرحمان ذوالفقار المعروف ڈکی بھائی کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم آن لائن بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی غیر قانونی ایپس جیسے 1Xbet اور Binimi کو اپنے یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فروغ دے رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر عمل میں آئی۔ پولیس نے ریاست کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 196/25 درج کر لی ہے، جس میں PECA ترمیمی ایکٹ 2025 کی دفعات 13، 14، 25 اور 26 شامل کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-B اور 420 بھی لگائی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم سے ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔