Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آڈیو ریکارڈنگ، ٹرمپ کس ’ٹاپ سیکریٹ‘ دستاویز کی بات کر رہے ہیں؟

ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار بننے کے خواہاں ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی 2021 کی آڈیو ریکارڈنگ میں اعتراف کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد ایران پر ممکنہ حملے سے متعلق پینٹاگون کی ایک خفیہ دستاویز اُن کے پاس ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ریکارڈنگ فیڈرل پراسیکیوٹر کے پاس موجود ہے اگرچہ سی این این نے یہ ریکارڈنگ نہیں سنی تاہم متعدد ذرائع سے اس کی تصدیق کی ہے۔ 
سی این این کے مطابق ریکارڈنگ سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرمپ، جو 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار بننے کے خواہاں ہیں، سمجھتے ہیں کہ انہوں نے 2021 میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویز اپنے پاس رکھی۔
ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ معلومات شیئر کرنا چاہتے تھے لیکن خفیہ دستاویزات شائع کرنے کے حوالے سے اپنے محدود اختیارات سے بھی واقف تھے۔ 
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے آئے ہیں۔
ان کے کسی نمائندے نے ریکارڈنگ کی رپورٹ یا ٹرمپ سے منسوب بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور سابق صدر کے خلاف جاری تحقیقات کو ’سیاسی حربہ‘ قرار دیا ہے۔ 
ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان سٹیون چیونگ نے کہا کہ ’یہ لیکس کشیدگی کو ہوا دینے اور ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو میڈیا کی طرف سے ہراساں کرنے کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے بنائی گئی ہیں۔‘

محکمہ انصاف نے انکشاف کیا تھا کہ سابق صدر کے پاس خفیہ دستاویزات موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انصاف میں سپیشل کونسل جیک سمتھ کے دفتر کے ترجمان پیٹر کار نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
محکمہ انصاف تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا ٹرمپ نے جنوری 2021 میں عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکی حکومت کے ریکارڈ (جن میں سے کچھ ٹاپ سیکرٹ تھے) کو اپنے پاس رکھ کر قانون کو توڑا، یا نہیں۔
گذشتہ سال اگست میں محکمہ انصاف نے انکشاف کیا تھا کہ سابق صدر کے پاس غیر قانونی طور پر ایسی دستاویزات ہیں جن میں امریکہ کے انتہائی خفیہ رازوں پر مشتمل مواد موجود ہے، اس لیے ٹرمپ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ 

شیئر: