Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
بدھ کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 119 رنز کے ہدف کو 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 49 جبکہ جیمز ونس اور شعیب ملک نے 27،27 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے عقیل حسین، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو پہلا نقصان کپتان شان مسعود کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
شان مسعود 7 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد ٹم سائفرٹ اور جیمز ونس کی دوسری وکٹ کے لیے شراکت نے کراچی کنگز کو مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔
دونوں بیٹرز نے مل کر دوسری وکٹ کے لیے 50 رنز بنائے جس کے بعد جیمز ونس 27 رنز بنا کر عقیل حسین کا شکار بن گئے۔
کراچی کنگز کی تیسری وکٹ 107 کے مجموعی سکور پر گری جب ٹم سائفرٹ 49 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
 

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ 49 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل بدھ  کی دوپہر کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سعود شکیل نے 33، خواجہ نافع نے 17 اور جیسن روئے نے 15 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زاہد محمد اور بلیسنگ موزاربانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز اننگز کا آغاز مثبت کرنے کی کوشش کی اور اس دوران جیسن روئے چند چوکے لگانے میں بھی کامیاب ہوئے۔
تاہم پہلی وکٹ کے لیے کراچی کنگز کے بولرز کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور جسین روئے 15 کے انفرادی سکور پر بلیسنگ مُوزاربانی کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
پہلی وکٹ گرنے کے بعد سعود شکیل اور خواجہ نافع نے دوسری وکٹ کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔
دونوں بیٹرز کے درمیان 36 گیندوں پر 47 رنز کی شراکت دیکھنے کو ملی تاہم سعود شکیل نویں اوور کی پہلی گیند پر حسن علی کا شکار بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھا بڑا جھٹکا 12ویں اوور کی دوسری گیند پر لگا جب سرفراز احمد کپتان رائلی رُوسو کے ساتھ رن لینے پر الجھن کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہوگئے۔
 

کراچی کنگز کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: کراچی کنگز انسٹاگرام)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تیسر نقصان بھی اسی اوور میں اٹھانا پڑ گیا جب دو گیندوں بعد خواجہ نافع 17 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی رُوسو بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 10 رنز کی مختصر اننگز کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ گلیڈی کے خلاف کراچی کنگز کے بولرز کے وار جاری رہے جس کے نتیجے میں شرفین ردرفورڈ صرف 9 رنز بنا کر بلیسنگ مُوزاربانی کا شکار بن گئے۔
کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیل اینڈرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے جس کے نتیجے میں محمد عامر دو، محمد حسنین پانچ جبکہ عثمان طارق صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
آج یعنی بدھ کو دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ کھیل رہی تھیں۔
 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی (فوٹو: کراچی کنگز انسٹاگرام)

اس میچ سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 9 میں اب تک چھ میچز کھیلے جس میں انہیں چار میچوں میں جیت اور ایک میں شکست حاصل ہوئی۔
کراچی کنگز نے بھی اس میچ سے قبل ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیلے جس میں انہیں دو میچوں میں فتح جبکہ چار میچوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب دونوں ٹیمیں اب تک پی ایس ایل کی تاریخ میں مجموعی طور 17 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی تھی۔
گزشتہ 17 میچوں میں 12 مرتبہ جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حاصل ہوئی جبکہ 5 میچوں میں میدان کراچی کنگز نے مارا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف لگاتار گزشتہ پانچ میچ جیتے تاہم اس میچ میں انہیں شکست ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔
کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، محمد نواز، حسن علی، زاہد محمود، میر حمزہ اور بلیسنگ مُوزاربانی شامل تھے۔ 

شیئر: