کیا آپ نے نیا عبایا خرید لیا؟ نہیں خریدا۔۔۔ توجانئے آپ کو اپنے سراپے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیسا عبایا خریدنا چاہئے!

image

گرمیوں کے اس سیزن میں جہاں خواتین پہننے کیلئے ہلکے پھلکے کپڑے خریدتی ہیں، وہیں ان کی کوشش ہوتی ہے کہ عبایا بھی موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے خریدے جائیں۔ چونکہ ہمارے یہاں گرمی کا موسم سال کے8یا 9ماہ رہتاہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسا عبایا خریدیں، جسے پہننے کے بعدا نہیں گرمی بھی نہ لگے۔ اب چونکہ عبایا کا فیشن بھی ”اِن“ ہے، کئی عرب ممالک میں خواتین کی اکثریت عبایا پہنتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ عبایا کے فیشن بھی تبدیل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

اب تو عبایا کے فیشن شوز بھی منعقد کئے جاتے ہیں، جس میں خواتین کو رواں سال کے عبایا فیشن کے بارے میں بتایا جاتاہے، تاکہ جب بھی اپنے لئے وہ عبایا خریدیں، فیشن کو مدنظررکھتے ہوئے خریدیں۔ سال 2020میں کس انداز کے عبایا فیشن میں ”اِن“ رہیں گے، آئیے آپ بھی اس بارے میں جانئے۔

اس سیزن کے دوران پرنٹڈ عبایا خریدنا زیادہ بہتررہے گا۔ ہلکی جارجٹ یا نادا(Nada) کپڑے سے تیار کردہ عبایا پہننا اچھا رہے گا۔ نادا کپڑے کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ اسے استری کرنے کی خاص ضرورت نہیں ہوتی، اس لئے اگر اسے ایک مرتبہ اچھی طرح استری کرکے ہینگ کرلیا جائے تو اسے کئی مرتبہ بغیر استری کے بھی پہنا جاسکتا ہے۔

چھوٹے قد کی حامل خواتین کیلئے:

ایسی خواتین جن کا قد چھوٹا ہے، انہیں چاہئے کہ وہ ایسا عبایا خریدیں، جس پر لمبائی میں لائنیں (vertical stripes)بنی ہوئی ہوں۔ ایسی خواتین جب اس انداز کاعبایا پہنتی ہیں تو ان کا قد نمایاں ہوتا ہے اور ان پر اس انداز کے عبایا جچتے ہیں۔ اگر لڑکیاں کچھ منفرد سا عبایا خریدنے کی خواہشمند ہیں تو پھر کالے رنگ کا ایسا عبایا خریدیں، جس کے ساتھ چمکیلے کپڑے سے سلور، سنہری،فیروزی ودیگر رنگوں کی لمبائی میں لائنیں بنائی گئی ہوں۔

اس عبایا کو کمر کی جانب سے باندھنے کیلئے ڈوری موجود ہو، تاکہ اس کی فٹنگ کی جاسکے۔ چاہیں تو اس کے ساتھ کسی بھی گہرے رنگ کا اسکارف پہن لیں۔اس انداز کا عبایا شادیوں میں بھی پہنا جاسکتا ہے۔ ایسی خواتین جو چمکیلا عبایا نہیں پہننا چاہتیں، انہیں چاہئے کہ وہ مارکیٹ میں دستیاب سادہ سے لمبی لائنوں والا کوئی عبایا خرید لیں۔

دبلی خواتین کیلئے:

ایسی خواتین جو بہت دبلی ہیں،انہیں ایسا عبایا خریدنا چاہئے، جس پر چوڑائی میں لائنیں بنی ہوئی ہوں۔ اگر آپ کو ایسا عبایا مل جائے جس میں اوپر سے نیچے تک چوڑی لائنیں پرنٹ کی گئی ہوں تو اچھا ہے، ورنہ اگرچاہیں تو گلابی یا اس جیسے ہی ہلکے رنگ کا عبایا خریدیں، جس میں کمر اور نیچے کی جانب سفید رنگ کی چوڑی لائنیں بنائی گئی ہوں، اس حصے پر نیلا یا کسی اور گہرے رنگ کا پرنٹ ہو، جس پر چھوٹے پھول پتیاں بھی پرنٹ کی گئی ہو، اس انداز کا عبایا لڑکیوں پر منفرد لگتاہے اور ان کا حد سے زیادہ دبلا پن بھی عبایا میں واضح نہیں ہوتا۔

زیادہ وزن کی حامل خواتین کیلئے:

ایسی خواتین جن کا وزن زیادہ ہے اور وہ عبایا خریدنے کی خواہشمند ہیں،ایسی خواتین کو بٹر فلائی کٹ یا(umbrella cut)عبایا خریدنا چاہئے۔ بٹر فلائی میں آستین سے لے کر نیچے تک عبایا ڈھیلا سا ہوتاہے، جس سے پہننے والے کی جسم کی ساخت نمایاں نہیں ہوتی۔ چوڑے شانے رکھنے والی خواتین کیلئے بھی ایسا ہی عبایا خریدنا مناسب رہتاہے، کیونکہ اس سے ان کے چوڑے شانے نمایاں نہیں ہوتے۔

آج کل بہت سے رنگوں میں بٹر فلائی عبایا دستیاب ہیں، پیازی یا گلابی رنگ کا ایسا عبایا خریدیں، جس کے کناروں پر کالے رنگ کا بارڈر بناہواہو، ساتھ ہی اس پر کالے رنگ کے موتی جگہ جگہ ٹانکے گئے ہوں، اس انداز کے عبایا زیادہ وزن کی حامل خواتین پر بہت چجیں گے۔

پرنٹڈ عبایا :

پرنٹڈ عبایا کی وسیع ورائٹی ان دنوں مارکیٹ میں موجود ہے، ایسے عبایا دیکھنے میں منفرد سے لگتے ہیں۔ اس طرح کے عبایا دبلی پتلی خواتین پر زیادہ اچھے لگتے ہیں، چیتا پرنٹ ہو پھولوں والا پرنٹ، یہ دبلی خواتین کے سراپے کو زیادہ واضح ہونے نہیں دیتا۔ دبلی خواتین ایسے عبایا بھی خرید کر پہن سکتی ہیں، جن میں ریاضی کی مختلف اشکال جیسے گول، چوکوروغیرہ گہرے رنگوں میں پرنٹ کئے گئے ہوں۔

ایسے عبائے بھی دبلی خواتین کے سراپے پر اچھے لگتے ہیں، اس انداز کے عبایا پہن کر وہ کسی بھی شادی کی تقریب میں بھی جاسکتی ہیں اور منفرد نظر آسکتی ہیں۔

You May Also Like :
مزید