ڈیزائنر جیسی پھول پھول فراکس۔۔۔۔ کم پیسوں میں تیار!

image

فلورل فراکس یا پھولوں کے پرنٹس پر مبنی فراکس دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہیں۔ کراچی میں ان دنوں بھی شدید گرمی چل رہی ہے۔ ایسے وقت میں فلورل پرنٹس آنکھوں کو بھاتے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے خواتین کیلئے مارکیٹ میں زمین تک آتی پرنٹڈ فارکس متعارف کروائے جانے کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت بھی کئی ایسے برانڈز ہیں، جنہوں نے لان اور ہلکی کاٹن سے تیارکردہ پرنٹڈ فراکس کو مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔ ساتھ ہی سردیوں کی آمد کو پیش نظررکھتے ہوئے کھدر کی فراکس بھی کئی ڈیزائنرز کی کلیکشن کا حصہ بن چکی ہے۔

اگرشادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فلورل پرنٹڈ فراکس بھی متعارف کرواچکے ہیں، اکثر لڑکیاں ڈیزائنر فراکس خرید نے کی سکت نہیں رکھتی، ایسی لڑکیوں کو ان ڈیزائنر کی کلیکشن کی کچھ انداز کے بارے میں بتایاجارہاہے، جنہیں وہ گھر پر ہی سی کر تیار کرسکتی ہیں یا سلواسکتی ہیں۔

کیونکہ فلورل پرنٹڈ تو ہو مگر فراک کا ڈیزائن کیسا ہو؟ اس سوال کے جواب میں لڑکیاں تھوڑا کنفیوز ہوجاتی ہیں۔انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ فراک کی ڈیزائننگ کس طرح کی جائے، اس مضمون میں فلورل فراکس کی ڈیزائننگ کے مختلف انداز کے بارے میں بتایاجارہاہے۔

بٹن کے ساتھ:

اگر آپ کے پاس ایسا کپڑا موجود ہے، جس پر چھوٹے چھوٹے پھول جابجا بنے ہوئے ہیں تو آپ اس کے اوپر کی جانب بٹن کی ایک لائن لگالیں۔ ساتھ ہی اس کے بارڈرز اور آستینوں کے نیچے والے حصے کی طرف کسی اورپرنٹ کی پٹیاں لگوالیں، اگر آپ کو خود سلائی آتی ہے تو خود ہی سی لیں۔ جس رنگ کی پٹیاں لگائی ہیں، اسی رنگ کے میچنگ بٹن فرنٹ پر لگائیں۔ بٹن کی تعداد اپنی مرضی کے مطابق رکھیں، اگر 4بٹن لگانے ہیں تو وہ بھی ٹھیک ہیں، لیکن اگر زیادہ پسند ہیں تو زیادہ بٹنز لگالیں۔

سادہ بوٹ انداز کا گلا:

انٹرنیٹ پر دیکھ لیں کہ کس طرح بوٹ انداز کا گلا کاٹا جاتاہے۔ نیلے رنگ کی پرنٹڈ کپڑے کی فراک پر سادہ سا بوٹ انداز کا گلا سلوالیں۔ فراک پر کوئی لیس نہ لگوائیں، اس کا گھیر زیادہ رکھیں، لیکن اس انداز کا ہو کہ چُن واضح نظر نہ آئیں۔ اگر سلک کا کپڑا ہے تو اس انداز کی فراک دیکھنے میں سادہ مگر ٹین ایج لڑکیوں پراچھی لگتی ہے۔

بیلٹ اسٹائل:

ڈیزائنرز کی جانب سے بیلٹ اسٹائل انداز کی فراک بھی متعارف کروائی جارہی ہے۔ اس انداز کی فراک کیلئے کمر کے سائیڈ پر فٹنگ دینے کے لئے کپڑے کے ہم رنگ یا میچنگ کے کلر کا بیلٹ تیار کیاجاتاہے اور اسے فراک کے ساتھ لگادیا جاتا ہے۔ جسے پہنتے وقت لڑکیاں باندھ کر فراک کی فٹنگ کرسکتی ہیں۔ اس انداز کی ڈیزائنگ والی فراکس لڑکیوں کو یقیناً پسند آئے گی۔

کیپ اسٹائل:

فراک کا اوپر والا حصہ کیپ اسٹائل (cape style)میں رکھوالیں۔ اس انداز کی فراک میں آستین کی فٹنگ نہیں ہوتی بلکہ اوپر سے کپڑا ڈھیلے انداز سے کمر تک آتاہے۔ یہ بھی ڈیزائنر انداز ہے، جسے خواتین گھروں میں تیار کرسکتی ہیں اور پرنٹڈ میکسی انداز کی فراک پہن سکتی ہیں۔

کوٹی اور لوپس انداز:

فراک پرنٹڈ ہو تو سادہ سی کسی ایک رنگ کی کوٹی اور اس کے ساتھ لوپس اور بٹنز لگوادئیے جائیں تو فراک کا انداز مختلف اور منفرد سا لگنے لگتاہے۔ کوشش کریں کہ فراک کو مختلف انداز دینے کیلئے کسی شوخ رنگ کی کوٹی اسٹائل کو شامل کرلیں۔ اس سے فراک کا ڈیزائنر والا لُک آئے گا۔

You May Also Like :
مزید