شہزادی جب ایک سوٹ کو باربار پہن سکتی ہے۔۔۔۔۔ تو آپ کیوں نہیں؟

image

ہمارے یہاں اکثر لڑکیوں کو شادیوں یا تقریبات میں الگ الگ سوٹ بنواتے ہوئے دیکھاگیا ہے اکثر لڑکیاں ایک ہی سوٹ کو دوبارہ کسی تقریب میں پہننے سے اس لئے کتراتی ہیں، کیونکہ ان کا یہ سوٹ پہلے ہی لوگ دیکھ چکے ہوتے ہیں، اس لئے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کوئی دوسرا سوٹ بنوالیں۔ عموماً خواتین اسی لئے کپڑوں کی خریداری پر سب سے زیادہ پیسے خرچ کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی کسی کی شادی کا کارڈ یا تقریب کا دعوت نامہ انہیں موصول ہوتاہے، انہیں یہی فکر ستانے لگتی ہے کہ آخر کونسا سوٹ وہ اس تقریب میں پہن کر جائیں گی۔ الماری کھول کر جب وہ کھڑی ہوتی ہیں تو ان کے دماغ میں بس یہی چل رہاہوتا ہے کہ ان کے پاس پہننے کیلئے کپڑے ہی نہیں ہیں، یا پھر جو کپڑے ہیں، وہ اس سے قبل وہ تقاریب میں پہن چکی ہیں۔ اس لئے اب انہیں کپڑوں کی خریداری کیلئے جانا ہی ہوگا۔

ہمارے یہاں اکثر لڑکیاں رشتہ داروں کے ڈر سے بھی پُرانے پہنے گئے کپڑوں کو دوبارہ نہیں پہنتی، کیونکہ کچھ رشتہ داروں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ فوراً ٹوک دیتے ہیں، خاص طور پر ایسی خواتین جنہیں دوسروں پر نکتہ چینی کرنے کی عادت ہو۔ وہ جب کسی کو ایک ہی سوٹ دوسری مرتبہ پہنے ہوئے دیکھتی ہیں تو فوراً کہہ دیتی ہیں۔

”ارے صائمہ! تم نے یہی سوٹ اس دن ایمان کی منگنی پر بھی تو پہنا تھا۔ میں تو بھئی ایک مرتبہ کے بعد کوئی سوٹ دوسری مرتبہ کسی تقریب میں نہیں پہنتی، پتا نہیں تم کیسے پہن لیتی ہو۔“ یوں بے چاری صائمہ اس وقت شرمندہ تو ہوتی ہی ہیں ساتھ ہی اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو، اس کے لئے کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ مستقبل میں اس طرح کسی ایک سوٹ کو دو تقاریب میں نہ پہنیں۔

اب یہاں ہمارے معاشرے میں موجود ہر صائمہ کو سوچنا چاہئے کہ وہ کیوں خواتین کی نکتہ چینی کی وجہ سے اپنے مہنگے سوٹ کو دوبارہ نہیں پہن سکتیں۔ کیا یہ ضروری ہے کہ دوسروں کے ٹوکنے یا نکتہ چینی کرنے کے ڈر سے کوئی سوٹ دوبارہ نہ پہنا جائے۔ جان لیں کہ ضرورت سے زیادہ کپڑے بنائیں گی تو وہ اسراف کے زمرے میں آئیں گے۔ ساتھ ہی مہنگائی کے اس دور میں ہر وقت نئے سوٹ بنانا آپ کے بجٹ کو بھی متاثر کرسکتاہے۔ اکثر شادی شدہ جوڑوں میں اسی بات کو لے کر لڑائیاں اور گھر کا ماحول خراب ہوتا ہوا تک دیکھا گیا ہے۔

دنیا میں کئی ایسی شخصیات ہیں، جنہوں نے اپنے کپڑے مختلف اہم تقاریب میں بھی دوبارہ پہنے ہیں اور وہ شخصیات کپڑے دوبارہ پہن لینے سے کتراتی بھی نہیں ہیں، ان میں سب سے اہم ڈچز آف کیمبرج یعنی برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن ہیں۔ کیٹ کو ان کے اچھے فیشن سینس کی وجہ سے دنیابھر میں بہت پسند کیا جاتاہے۔ لیکن یہ شہزادی بارہا اپنے کپڑوں کو مختلف تقاریب کے دوران پہنتی دکھائی دی ہیں، جوکہ ان لڑکیوں کیلئے ایک مثال ہے جوکہ یہ سمجھتی ہیں کہ ایک سوٹ کو دوبارہ پہننے سے ان کی شان گھٹ جائے گی۔

لڑکیاں نیچے دی گئی تصاویر کو دیکھیں کہ کس طرح کیٹ مڈلٹن نے شہزادی ہونے کے باوجود اپنے کپڑوں کو مختلف مواقع ری پیٹ کیا یعنی دوبارہ زیب تن کیا اور وہ ان ملبوسات کو دوبارہ پہننے سے کبھی نہیں شرمائیں۔ ہمارے یہاں کی خواتین کو شہزادی کی اس عادت سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

You May Also Like :
مزید