اداکارہ سجل علی جیسے ہئیر اسٹائلز، گھربیٹھے مفت میں بنائیں اور خوبصورت نظر آئیں!

image

پاکستانی اداکارہ سجل علی ڈراموں میں بہترین اداکاری کرنے کے حوالے سے تو جانی ہی جاتی ہیں، ساتھ ہی انہیں ان کے پہناووں اور ہئیر اسٹائلز کی وجہ سے بھی خواتین کی ایک بڑی تعداد سراہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ لڑکیاں ان کے جیسے ہئیر اسٹائلز آزمانے کی خواہشمند نظرآتی ہیں، اس مضمون میں سجل علی کے آزمائے ہوئے تین ہئیر اسٹائلز کو بنانے کے طریقے بتائے جارہے ہیں، کہ آپ کس طرح گھر بیٹھے ہی سجل جیسے ہئیر اسٹائلز بناسکتی ہیں اور تقریبات میں ان ہئیر اسٹائلز کوبناکر شریک ہوسکتی ہیں۔

سائیڈ بریڈ:

سجل علی کے اس انداز کے بالوں کو بنانے کیلئے پہلے بالوں میں کنگھا پھیرلیں تاکہ اس میں الجھاپن نہ رہے۔ پھر درمیان سے مانگ نکال لیں۔ اس کے بعد بالوں کے بائیں جانب سے درمیان سے تین لٹیں لیں اور ان کی مدد سے ایک چٹیا بنانی شروع کریں۔ چٹیا بناتے وقت آگے کے بالوں کو بھی لٹوں کی صورت میں لے کر اسی چٹیا میں شامل کرتی جائیں۔

یوں سامنے کے تمام بال لٹوں کی صورت میں لے کر اس چٹیا میں شامل ہوتے جائیں گے، جب چٹیا مکمل ہوجائے تو ربڑ بینڈ لگادیں تاکہ وہ کھل نہ سکے۔ پھر دائیں جانب بھی ایسے ہی درمیان سے تین لٹوں کو لے کر چٹیا بنانی شروع کریں اور پھر آگے کے حصوں سے تھوڑے تھوڑے بال لے کر انہیں چٹیا میں شامل کرتی جائیں۔ جب چٹیا بن جائے تو اس پر ربڑ بینڈ لگادیں۔

دونوں چٹیا کو بالوں کے پیچھے کی جانب ہئیر پنز کی مدد سے سیٹ کرلیں۔ آخر میں بالوں میں اسپرے کرلیں، لیجئے مشہور اداکارہ سجل علی کے جیسا سائڈ بریڈ ہئیر اسٹائل بن کر تیار ہے۔ اس ہئیر اسٹائل کو دن کی کسی بھی تقریب کیلئے آزمایا جاسکتا ہے یالڑکیاں چاہیں تو مہندی کی کسی تقریب میں اس انداز کاہئیر اسٹائل آزمالیں۔

ون سائیڈکرل ہئیر اسٹائل:

سجل علی نے یہاں ”ون سائیڈ کرل ہیئر اسٹائل“ بنایا ہوا ہے۔ کسی شادی کی تقریب میں جانے کیلئے یہ اسٹائل بہت موزوں رہتاہے۔اس ہیئر اسٹائل میں جیولری بھی آسانی سے نمایاں ہوتی ہے۔ اس ہئر اسٹائل کو آزمانے کیلئے بالوں میں کنگھا پھیرنے کے بعد انہیں کرلر کی مدد سے کرل کرلیں اور اس پر ہئیر اسپرے کرلیں تاکہ بنائے گئے کرل تقریب کے اختتام تک اپنی جگہ پر ویسے ہی قائم رہیں۔ پورے بالوں کو نیچے کی جانب سے کرل کرتی جائیں۔

اگر بال اسٹیپ کٹنگ میں ہیں تو ہر اسٹیپ کے آخری حصے کے بالوں کو بھی کرل کرلیں تاکہ وہ بھی نمایاں ہو۔ پھر دائیں سائیڈ پر مانگ نکالیں اور دائیں طرف کے بالوں کو کانوں سے پیچھے پن لگاکر سیٹ کرلیں، جبکہ بائیں طرف کے بالوں کو کھُلا چھوڑدیں اورآگے کی جانب لے آئیں، اسٹیپ کٹنگ میں کٹے بالوں کو بھی آگے کی جانب سیٹ کرلیں۔ دوبارہ ہئیر اسپرے کریں تاکہ بالوں کا یہ ہئیر اسٹائل اپنی جگہ پر قائم رہے۔

جوڑا:

سجل علی کئی مواقع پر اپنے بالوں کا سادہ سا جوڑابن ہئیر اسٹائل بھی بناتی دکھائی دیتی ہیں۔ گزشتہ سال سعدیہ غفار کی مہندی پر انہوں نے کالے رنگ کی فراک کے ساتھ سادہ اندازکا جوڑا بنایاتھا، ان کا یہ سادہ سا ہیر اسٹائل بھی خواتین کو بہت بھایا۔ اس انداز کا ہئیر اسٹائل بنانے کیلئے بالوں میں ہئیرموز یا جیل لگالیں، بھر بالوں کی پونی بنالیں۔

پونی بنانے کے بعد بالوں کو ٹوئسٹ کرتے ہوئے گولائی میں گھمائیں اور اسے جوڑے کے انداز میں سیٹ کرلیں۔ اگر چاہیں توبازار میں دستیاب ڈونٹ بن خرید لائیں، اس ڈونٹ بن کو پونی بناکر اس کے اوپر لگالیں، پھر پونی کے بالوں کو ڈونٹ پر پھیلائیں اور ربڑبینڈ لگائیں، بقیہ بالوں کو جوڑے کے آس پاس ہئیر پن کی مدد سے سیٹ کرلیں۔ اس انداز کا ہئیر اسٹائلز فراکس اور ساڑھی کے ساتھ بنایا جائے تو خوبصورت لگتاہے۔

You May Also Like :
مزید