پہلی بال پر اب کوئی آؤٹ نہیں ہوگا۔۔۔ پرانے کِھلاڑی ایک بار پھر کھیلیں گے کرکٹ میدان میں ایک ساتھ

image

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 'بش فائر کرکٹ بیش' نامی ایک مقابلہ ہونے جا رہا ہے جس میں وسیم اکرم اور یووراج سنگھ سمیت دنیا بھر کی ٹیموں کے نامور کِھلاڑی اپنے کھیل کے جوہر دِکھائیں گے۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ کرکٹ ڈاٹ کام کے مطابق یہ میچ 8 فروری کو کھیلا جائے گا جس کا مقصد آسٹریلیا میں لگنے والی جنگل کی آگ کے متاثرین کی مدد کرنا ہے۔ اس میچ میں آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن اور سابق بیٹسمین رکی پونٹنگ کی قیادت میں ٹیمیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق یہ میچ 10،10 اوورز کا ہوگا جبکہ اس سے حاصل ہونے والی تمام تر آمدنی آسٹریلین ریڈ کراس ڈیساسٹر ریلیف اینڈ ریکوری فنڈ کو دے دی جائے گی۔

اِس میچ میں پاکستانی سابق آل راؤنڈر وسیم اکرم سمیت بھارت کے جارحانہ بلے باز یوراج سنگھ اور خواتین کرکٹرز بھی شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں شین وارن، رکی پونٹنگ، برائن لارا اور شین واٹسن سمیت دیگر کِھلاڑی موجود ہوں گے۔

واضح رہے اس مقابلے میں 5 اوورز کا پاور پلے ہوگا اور بولر کیلئے اوورز کی کوئی حد نہیں ہوگی۔ اِس مقابلے کی خاص بات یہ ہے کہ کوئی بھی بیٹسمین اگر پہلی گیند پر آؤٹ ہوگیا تو اسے ناٹ آؤٹ قرار دیتے ہوئے مزید کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow