انار کا موسم آچکا ہے اور اب بازار میں سرخ سرخ رسیلے انار کی بہار اپنی رونق دکھا رہی ہے۔ انار اگرچہ تھوڑے مہنگے ضرور ہیں لیکن ان کے فائدے بے شمار ہیں۔ یہاں تک کہ اس پھل کے چھلکے بھی بے کار نہیں اور کئی بیماریوں سے نجات دلا سکتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم انار کے چھلکوں کے استعمال اور ان کے فائدوں کے متعلق ہی بات کریں گے۔
انار کے چھلکوں کے استعمال کا طریقہ
انار کے چھلکوں کو اچھی طرح دھو کر سکھا کر خشک کر لیں اور پھر کوٹ کر پیس لیں۔ ان کاپاؤڈر بنا لیں۔ اس پاؤڈر کو خشک شیشی میں بھر لیں۔ انار کے چھلکوں کے سفوف کی چائے بھی بنا کر پی جاسکتی ہے اور خالی پانی کے ساتھ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فائدے
اکثر لوگوں کو سرد موسم میں بار بار پیشاب آنے کی شکایت رہتی ہے۔ انھیں ایک چمچ یہ سفوف پانی کے ساتھ صبح کھانا چاہیے۔
انار کے چھلکوں کا پاؤڈر عرقِ گلاب یا دودھ میں ملا کر چہرے پر لگانے سے جلد کو تمام ضروری غذائیت مل جاتی ہے اور چہرہ گلاب جیسا ہوجاتا ہے۔
شدید کھانسی کی صورت میں انار کے چھلکے کو تھوڑی دیر منہ میں رکھ کر چبانا اور چوسنا کھانسی کی شدت کو توڑ دیتا ہے۔
انار کے چھلکوں کا قہوہ وزن کم کرنے والے افراد کے لئے بھی مفید ہے کیونکہ یہ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتا ہے اور کولیسٹرول کم کر کے چربی پگھلانے میں مدد کرتا ہے۔