کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کی رات آٹھ بجے سے شروع ہونے والے تیز بارش کے اسپیل نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا۔ شارع فیصل، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ماڈل کالونی، راشد منہاس روڈ، نیپا، صفورا اور ملیر کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
ناگن چورنگی سے نارتھ کراچی جانے والی سڑک پانی بھر جانے کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی جبکہ انتظامیہ کی مشینری نکاسی آب میں مصروف ہے۔ نیو کراچی کے صبا سینما کے قریب بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق ملیر ندی میں طغیانی کے باعث پانی اوور فلو ہو کر کورنگی کاز وے پر آگیا جس کے بعد سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
کورنگی ای بی ایم کاز وےکو گودام چورنگی تا محمود آباد روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو گودام چورنگی سے جام صادق برج اور محمود آباد سے ایکسپریس وے قیوم آباد کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
کورنگی کراسنگ روڈ بھی بند کر دی گئی ہے اور ٹریفک کو قیوم آباد سے گودام چورنگی اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے مزید اسپیل کی صورت میں شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔