کراچی میں ایک امریکی خاتون نے ایک نوجوان پاکستانی سے شادی کا دعویٰ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔ اونیجا اینڈریو رابنسن کے حوالے سے تازہ ترین انکشافات سامنے آئے ہیں، جب ان کے بیٹے، جیرامیا اینڈریو رابنسن، نے ایک ویڈیو بیان میں اصل حقیقتیں بے نقاب کر دیں۔ جیرامیا کا کہنا تھا کہ اسے میڈیا سے معلوم ہوا کہ اس کی والدہ پاکستان میں ہیں، اور وہ ایک شخص سے ملنے کے لیے یہاں آئی تھیں۔ ان کے مطابق، اونیجا دو ہفتوں بعد واپس آنے والی تھیں، لیکن وہ واپس نہیں آئیں، اور جیرامیا نے اپنی والدہ کو پاکستان سے واپس جانے کے لیے کئی بار قائل کرنے کی کوشش کی، مگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
جیرامیا نے مزید بتایا کہ اس نے اور اس کے بھائی نے اپنی والدہ کے واپسی کے لیے ٹکٹ بھی بک کروایا تھا، تاہم ان کی ذہنی حالت کے باعث وہ اس فیصلے کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک سنسنی خیز انکشاف بھی ہوا کہ اونیجا کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آ گیا ہے، جس نے اس معاملے کو اور پیچیدہ بنا دیا۔
دوسری طرف، اونیجا اینڈریو دوبارہ کراچی کے گارڈن علاقے میں پہنچ چکی ہیں، اور وہ اسی عمارت میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ پہلے بھی مقیم تھیں۔ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے امریکا واپس جانے کی رضامندی ظاہر کی اور کہا کہ اس وقت ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، لیکن وہ نیویارک واپس جانا چاہتی ہیں، بشرطیکہ انہیں ٹکٹ فراہم کیا جائے۔
یہ تمام واقعات 33 سالہ اونیجا کی کراچی آمد سے جڑے ہیں، جب انہوں نے 19 سالہ ندال میمن سے محبت کی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کے درمیان تعلقات کا آغاز ہوا، اور اونیجا 11 اکتوبر کو کراچی پہنچیں۔ اگرچہ ندال میمن ان کے ساتھ راضی تھا، مگر اس کے خاندان نے ان دونوں کی شادی کے حق میں فیصلہ نہیں دیا، جس کے بعد اونیجا کئی ماہ کراچی میں دربدر رہیں۔
دوسری جانب، پولیس نے اونیجا کو کراچی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی اور اے ایس ایف نے ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ ایک این جی او نے خاتون کو واپس امریکہ جانے کے لیے ٹکٹ اور مالی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی، لیکن اونیجا نے انکار کرتے ہوئے اپنے اس فیصلے کو تبدیل نہیں کیا۔ اس کے بجائے، وہ ایک بار پھر گارڈن میں اپنے جذبات کی تکمیل کے لیے واپس لوٹ آئیں، جہاں اب بھی ان کی زندگی کی مشکلات برقرار ہیں۔
گزشتہ روز اونیجا کی معروف سماجی کارکن رمضان چھیپا کے ساتھ بھی کافی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں کبھی انھوں نے مک ڈونلڈ کھانے کی فرمائن کی تو کبھی پریس کانفرنس کے دوران چھیپا سے الجھ پڑیں۔ شدید طیش کے عالم میں انھوں نے سماجی کارکن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اب بس کرو تم بہت زیادہ بولتے ہو۔