سندھ کی زمین فروخت، لاہور میں نئی الاٹمنٹ: نیب نے بزنس مین سے ریکارڈ مانگ لیا

image

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے بورڈ آف ریونیو پنجاب کو ایک باضابطہ خط لکھ کر معروف کاروباری شخصیت امجد عزیز کی جانب سے حاصل کردہ زمین کے حوالے سے مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

نیب کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امجد عزیز نے لاہور کی تحصیل کینٹ میں اجودیاپور، گوہاوا، کوہر، کیر خرد، اور بیکھی وال کے علاقوں میں 916 کنال زمین الاٹ کروائی۔ نیب نے بورڈ آف ریونیو سے درخواست کی ہے کہ کلیم کیس رجسٹر نمبر 4538/IV کراچی کی مکمل تفصیلات اور اس کے خلاف جاری کی گئی مصدقہ رپورٹ فراہم کی جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کلیم کا بورڈ آف ریونیو کے ریکارڈ میں موجود ہونا یا نہ ہونا واضح کیا جائے۔ اس کے علاوہ اس بات کی بھی تصدیق طلب کی گئی ہے کہ آیا مذکورہ کلیم محی الدین محمد خان کے نام پر تھا یا نہیں اور 16 جنوری 1972ء کو جاری کردہ انٹائٹل سرٹیفکیٹ کا مکمل ریکارڈ بھی مہیا کیا جائے۔

نیب کے مطابق امجد عزیز نے 1970ء میں سندھ کے کچے کے علاقے میں زمین الاٹ کرائی تھی جسے بعد ازاں فروخت کرکے لاہور میں زمین حاصل کی گئی۔ نیب تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا واقعی سندھ میں زمین الاٹ کی گئی تھی یا نہیں۔ اس ضمن میں متعلقہ زمین کا چالان بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ تمام ریکارڈ نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فراہم کیا جائے تاکہ کیس کی شفاف انداز میں مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US