تربت مند میں فورسز کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنا دیا گیا، کیپٹن وقار کاکڑ سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
کیچ کے تحصیل دشت اور مند کے درمیانی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں ایک آفیسر کیپٹن وقار کاکڑ جس کا تعلق قلعہ لورالائی سے ہے سمیت 5 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
شہید ہونے والوں میں کیپٹن وقار کاکڑ کے علاوہ نائیک جنید، نائیک عصمت، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی ظہور شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ایک اور بہادر سپوت، کیپٹن وقار کاکڑ، اپنے عوام اور اپنے پیارے پاکستان کے دفاع میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگیا۔
اُن کی قربانی ہمیشہ بہادری اور عزت کا ایک روشن باب بنی رہے گی۔ بلوچستان اور پاکستان آپ کو کبھی نہیں بھلائیں گے۔