حکومت سندھ کا چینی قونصلیٹ جنرل کے پلاٹ پر اسٹیمپ ڈیوٹی معاف کرنے کا فیصلہ

image

حکومت سندھ نے چین کے قونصلیٹ جنرل کو الاٹ کیے گئے پلاٹ کی خریداری پر عائد 61 لاکھ روپے کی اسٹیمپ ڈیوٹی معاف کر دی۔ یہ پلاٹ کلفٹن بلاک 4، کے ڈی اے اسکیم نمبر 5 میں واقع ہے اور اسے قونصلیٹ کی تعمیر کے لیے 99 سالہ لیز پر الاٹ کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل چین نے حکومت سندھ کو باضابطہ درخواست دی تھی کہ اس پلاٹ کی خریداری پر عائد اسٹیمپ ڈیوٹی کو معاف کیا جائے۔ اس درخواست پر غور کے بعد سندھ کابینہ نے منظوری دے دی اور اسٹیمپ ڈیوٹی کو استثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا۔

بورڈ آف ریونیو سندھ نے اس فیصلے کے تحت گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جس کی کاپی قونصل جنرل چین اور سب رجسٹرار کلفٹن کو ارسال کر دی گئی۔ رجسٹریشن ونگ نے سب رجسٹرار کو ہدایت کی کہ مذکورہ پلاٹ پر اسٹیمپ ڈیوٹی وصول نہ کی جائے۔

ہدایات ملنے کے بعد سب رجسٹرار کلفٹن نے پلاٹ کو چینی قونصلیٹ جنرل کے نام رجسٹر کرنے کی کاغذی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک کڑی ہے اور قونصلیٹ کی تعمیر میں سہولت فراہم کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US