اینٹی کرپشن کا نیب سے موصول 84 کیسز پر کارروائی کا آغاز

image

محکمہ اینٹی کرپشن نے نیب سے بھیجے گئے 84 کیسز پر کارروائی شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین اینٹی کرپشن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کیسز کی پیش رفت پر تفصیلات پیش کی گئیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 2 کیسز نیب نے واپس لے لیے ہیں جبکہ 27 کیسز نمٹا دیے گئے ہیں اور ان پر مزید کارروائی نہیں ہوگی۔ 8 کیسز پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جن کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ مزید برآں 2 نئے کیسز محکمہ اینٹی کرپشن کو موصول ہوئے ہیں جن کی چھان بین جاری ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کو اب تک مختلف محکموں سے 8 کیسز کے کمنٹس موصول ہوچکے ہیں جبکہ 49 کیسز کے کمنٹس تاحال موصول نہیں ہوسکے۔ حکام کے مطابق کمنٹس ملنے پر ان پر مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے اینٹی کرپشن کو مجموعی طور پر 18 صوبائی محکموں کے کیسز بھیجے گئے ہیں جن میں بورڈ آف ریونیو، ثقافت، صحت، داخلہ، کچی آبادی، لائیو اسٹاک، بلدیات، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، ورکس اینڈ سروسز، پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ، زراعت، صنعت، خوراک، لیبر، اسکول ایجوکیشن، خزانہ، جنگلات و جنگلی حیات اور پی ڈبلیو ڈی (این جی اوز) شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US