اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دھوکا دہی کا دلچسپ اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جب ایک اشتہاری ملزم نے اپنی جگہ اپنے جگری دوست کو عدالت میں پیش کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت میں جمعرات کے روز اشتہاری ملزم بلال خان کی طلبی تھی۔ تاہم عدالت کے روبرو بلال خان کی جگہ اس کا دوست شاہد کریم پیش ہوگیا۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے شاہد کریم کو جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق جب پولیس شاہد کریم کو حوالات سے جیل لے جا رہی تھی تو اس نے دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی استدعا کی۔ عدالت کے روبرو پیش ہو کر شاہد کریم نے اعتراف کیا کہ وہ اصل ملزم نہیں بلکہ اپنے دوست بلال خان کی جگہ پیش ہوا تھا۔
عدالت نے ملزم کے انکشاف پر فوری طور پر پولیس کو ہدایت دی کہ جعلی پیشی دینے والے شاہد کریم کو گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے موقع پر ہی اسے حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بعدازاں تھانہ لوہی بھیر پولیس نے اصل اشتہاری ملزم بلال خان کو بھی گرفتار کرلیا۔ یوں دھوکا دہی کرنے والے دونوں دوست ایک ساتھ جیل روانہ کردیئے گئے۔
ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ تمام ڈرامائی واردات مبینہ طور پر کیس کے تفتیشی افسر کی ملی بھگت سے انجام دی گئی، تاہم پولیس کی جانب سے اس الزام پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔