اسلام آباد : چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے موبائل فیسیلیٹیشن وین کا آغاز کردیا ہے۔
وین کے ذریعے شہری باآسانی متعدد اہم سروسز سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق فیسیلیٹیشن وین کے ذریعے کئی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں لرنر ڈرائیونگ پرمٹ کا اجرا، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ کا حصول، درج شدہ ایف آئی آر کی کاپی کی فراہمی، پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کا اجرا، گمشدگی رپورٹ اور جنرل پولیس ویری فیکیشن، کرایہ داروں کا اندراج، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، غیر ملکی شہریوں کی رجسٹریشن، ہوٹل آئی سافٹ ویئر کی سہولت، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت شکایات درج کرانے کی سہولت شامل ہے۔
سی ٹی او حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو باآسانی اور کم وقت میں ضروری سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ فیسیلیٹیشن وین کا مقصد عوام کو سہولت دینا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے تاکہ انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی تجاویز سے ٹریفک پولیس کو آگاہ کرتے رہیں تاکہ سروسز کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔