اسلام آباد کے علاقے تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں واقع پاکستان ٹاؤن فیز 2 میں اللہ والی مسجد کے قریب پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے، جس کے باعث پلازہ کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور میں موجود متعدد دکانیں متاثر ہوئیں۔ آگ لگنے کے فوری بعد پولیس، اسپیشل برانچ اور فائربریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور پلازہ میں موجود رہائشی فلیٹس میں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق اگر فائر بریگیڈ بروقت نہ پہنچتی تو آگ پورے پلازہ میں پھیل کر بڑے سانحے کا سبب بن سکتی تھی۔ حکام نے پلازہ میں حفاظتی اقدامات اور برقی نظام کا بھی ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔