دہشت گردی اور بیڈ گورننس بڑے چیلنجز ہیں، وزیرِاعلیٰ بلوچستان

image

وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور بیڈ گورننس بلوچستان کے بڑے چیلنجز ہیں اور اس صورت حال کی نزاکت کو سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو بھی سمجھنا ہوگا، اب وقت آگیا ہے کہ نان ایشوز سے ہٹ کر اصل مسائل اور چیلنجز پر توجہ مرکوز کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں بیکڑ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی اور عمائدین بھی موجود تھے، کھلی کچہری میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور وزیرِاعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے عوامی شکایات کو نہ صرف سنا بلکہ ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔

وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عام آدمی اپنے مسائل کا فوری اور عملی حل چاہتا ہے اور حکومت کو اس کا بھرپور احساس ہے، ہم پرعزم ہیں کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر ساتھ چلنا ہوگا، دہشت گردی ایک ایسا ناسور ہے جس نے معاشرے کے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے، ضلع ڈیرہ بگٹی کے عام آدمی نے بھی قومی یکجہتی اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاست سب سے مقدم ہے لہٰذا عمومی معاشرتی مسائل کو ریاست کے ساتھ جوڑ کر برا بھلا کہنا کسی طور درست رویہ نہیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ احتجاج کے نام پر راستے بند کرکے عوام کو مشکلات میں ڈالنا کسی طور مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے تاہم زور زبردستی اور تشدد کے راستے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور بلدیاتی نمائندوں سے کہا ہے کہ مقامی سطح پر بہتر سروس ڈلیوری کے لیے متحرک کردار ادا کریں، صوبائی حکومت اپنی کمٹمنٹ پر قائم ہے، بلدیاتی اداروں کو قومی وقار پر مبنی اقدامات اور شفافیت سے مشروط ترقیاتی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US