اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی تربت میں فرنٹیئر کور ساؤتھ ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں انہوں نے آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان کے ہمراہ ضلع کیچ میں شہید ہونے والے کیپٹن وقار احمد اور چار جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور نے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرکے لازوال مثال قائم کی۔ قوم ان عظیم قربانیوں کی مقروض ہے جو کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم ان کے عظیم خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور انہیں اپنا خاندان سمجھتی ہے۔
آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان نے اس موقع پر کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔
نماز جنازہ کے بعد شہداء کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔