طلباء تنظیموں کا بڑا اعلان: کرپشن، سیاسی جمود اور تعلیمی اداروں کی زبوں حالی کے خلاف مشترکہ تحریک کا فیصلہ

image

کوئٹہ: پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں مختلف طلباء تنظیموں کا ایک اہم اور وسیع البنیاد مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت بی ایس او پجار کے مرکزی چیئرمین بوہیر صالح بلوچ نے کی۔ اجلاس میں بی ایس او کے مرکزی سیکریٹری جنرل صمند بلوچ، پی ایس او کے مرکزی آرگنائزر سیف اللہ خان، پی ایس ایف کے صوبائی صدر طاہر شاہ، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری مرتضیٰ سلطان اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نائب صدر شاہ ولی سمیت مختلف تنظیموں کے قائدین شریک ہوئے۔

اجلاس میں شریک طلباء رہنماؤں نے بلوچستان اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعات اور کالجز بدانتظامی اور زبوں حالی کا شکار ہیں۔ لائبریریاں خالی، ہاسٹلز بوسیدہ اور تحقیقی ماحول سرے سے موجود ہی نہیں۔ رہنماؤں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ تعلیم کے فروغ کے بجائے نمائشی منصوبوں پر انحصار کر رہی ہے، جبکہ اسکالرشپس، ای بائیکس اور لیپ ٹاپس جیسی اسکیمیں کرپشن اور کمیشن کی نذر ہو رہی ہیں جن سے محض مخصوص حلقے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

طلباء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ پالیسیاں نوجوانوں کو وقتی طور پر خاموش رکھنے کی کوشش ہیں، مگر وہ کسی صورت ان کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی جمود پر بھی گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل عملاً معطل ہے، جس سے عوام بالخصوص نوجوان مایوسی اور بے سمتی کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی عمل کی بحالی اور نوجوانوں کو فعال کردار دینا ہی مثبت تبدیلی کی ضمانت ہے۔

اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن، تعلیمی اداروں کی بدحالی اور سیاسی جمود کے خلاف ایک پرامن اور جمہوری تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ اس اتحاد کا مقصد طلباء کو ان کے جائز حقوق دلوانا، تعلیمی اداروں میں شفافیت قائم کرنا اور کرپشن کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنا ہوگا۔

رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک متحدہ پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں گے۔ اجلاس میں بلوچستان میں افغان طلبہ کے تعلیمی مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ انہیں تعلیم سے محروم کرنا افسوسناک ہے۔

آخر میں اعلان کیا گیا کہ آئندہ دنوں میں دوبارہ اجلاس بلا کر تحریک کے خدوخال اور عملی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جس میں احتجاجی پروگرامز، سیمینارز اور عوامی سرگرمیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ طلباء رہنماؤں نے عوام اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں طلباء کا ساتھ دیں تاکہ تعلیمی اداروں کی بہتری اور کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر دباؤ ڈالا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US