کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سکھر میں تشدد کا شکار ہونے والی اونٹنی کو کراچی کے شیلٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ شیلٹر انتظامیہ نے اس اونٹنی کا نام "سُمی" رکھ دیا ہے۔
سی ڈی آر ایس شیلٹر انتظامیہ کے مطابق سُمی کی ٹانگ کچلی ہوئی ہے، جبڑا ٹوٹا ہوا ہے، زبان جلی ہوئی ہے اور جسم پر شدید زخم ہیں۔ اس وقت اونٹنی کھانے کے قابل نہیں ہے اور اسے آئی وی فلوز لگائی جا رہی ہیں تاکہ اس کی حالت بہتر ہو سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سُمی کی دیکھ بھال اور علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی کو سُمی کے بہترین علاج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور شیلٹر انتظامیہ کو علاج معالجے کے تمام وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔