وزیر داخلہ سے گورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات، امن و امان اور سرحدی صورتحال زیرِغور

image

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی امن و امان، حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور پاک، افغان سرحدی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری فوجی و سیکیورٹی آپریشنز کی کامیابیوں اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی طرف سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کی گئی حالیہ کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ درندہ صفت عناصر پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں جن کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

محسن نقوی نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے ناسور کا جرأت و بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان کی سرزمین سے فتنہ الہندوستان کا خاتمہ کیا جائے گا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی عوام کی امن پسندی اور ترقی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے قیامِ امن ناگزیر ہے۔ انھوں نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز سے ہی دیرپا امن ممکن ہے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اور گورنر نے پولیس ٹریننگ سینٹر اور نادرا آفس ڈیرہ اسماعیل خان پر دہشت گرد حملوں میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور متاثرہ عمارتوں کی ازسرِ نو بحالی اور بجلی، پانی اور بنیادی سہولیات کی بحالی کے امور پر بھی گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ صوبائی و وفاقی سطح پر مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ آپریشنز اور انٹیلیجنس شیئرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ خیبر پختونخوا میں دیرپا امن و امان قائم کیا جا سکے اور عام شہری بلاخوف و خطر زندگی گزار سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US