بلوچستان ہائی کورٹ کا گیس حکام کو ایک ہفتے میں زائد بل واپس لینے کا حکم

image

بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ، جس میں چیف جسٹس جناب روزی خان بڑیچ اور جسٹس جناب سردار محمد حلمی شامل تھے، نے سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گیس حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ماہ اکتوبر 2025 کے زائد بل واپس لے کر عدالت کے 13 جون 2024 کے فیصلے کے مطابق درست بل جاری کریں۔

سماعت کے آغاز پر درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گیس کمپنی نے عدالت کے سابقہ حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو چھ ہزار روپے اور اس سے زائد کے غیر معمولی بل جاری کیے ہیں۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور گیس حکام کو حکم دیا کہ وہ تمام زائد بل فوراً واپس لے کر درستگی کے بعد دوبارہ بھیجیں۔

دورانِ سماعت سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے بلوچستان بھر میں جاری گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے مسائل کی بھی نشاندہی کی، جس پر چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے سختی سے حکم دیا کہ صوبہ بلوچستان کو گیس فراہمی میں ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر 2025 تک ملتوی کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US