قانونی دستاویز رکھنے والے ورکرز کو اب آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز

image

اوورسیز پاکستانیوں کو ایئرپورٹس پر آف لوڈ کرنے کے واقعات پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے سخت نوٹس لے لیا۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی قانونی دستاویز رکھنے والے ورکر کو آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے بتایا کہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر پیش آنے والے بعض واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور اگر کوئی اہلکار ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ورک ویزہ پر جانے والوں کے لیے کوئی نئی شرط یا بیانِ حلفی کی لازمی شرط عائد نہیں کی گئی۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق جلد ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ذریعے بیرونِ ملک جانے والے ورکرز اپنی امیگریشن روانگی سے قبل آن لائن مکمل کر سکیں گے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کا اہم ستون ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹس پر غیر ضروری آف لوڈنگ کے تدارک اور امیگریشن عمل میں شفافیت کے لیے نئے ایس او پیز تیار کیے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US